سکھر،بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے

249

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کے مختلف علاقوں بشمول مائیکرو کالونی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہری پھنکے لٹکا کر سڑکوں پر نکل آئے، بجلی کے پھنکوں کا علامتی جنازہ رکھ کر سیپکو کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، نعرے بازی، حکام سے لوڈشیڈنگ اور اضافی بلز بھیجے جانے کا نوٹس لیکر صارفین کو مشکلات سے نجات دلانے کا مطالبہ۔ سیپکوکی صارفین کیساتھ مبینہ زیادتیوں اور بجلی کی غیر اعلانییہ لوڈشیڈنگ اور اضافی بل بھیجے جانے والے عمل کیخلاف مائیکرو کالونی کے مکینوں کی کثیر تعداد نے سکھر شہری اتحاد کے زیر اہتمام گلوں میں پھنکے لٹکا کر اور ٹرانسفارمر کے نیچے پھنکے کا علامتی جنازہ رکھ کر انوکھے طریقے سے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں مذمتی پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے کی قیادت مولانا عبیداللہ بھٹو، ابن آزاد، نصیر گوپانگ، سید عمران شاہ، حبیب اللہ انصاری و دیگر کررہے تھے۔ اس موقع پر مذکورہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سیپکو نے شہر بھر میں رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ مائیکرو کالونی، بھوسہ لائن، نیو پنڈ، قریشی گوٹھ سمیت سکھر شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث علاقہ مکین شدید گرمی میں پریشان حال زندگی گزار رہے ہیں لیکن شکایات کے باوجود سیپکو کان دھرنے کو تیار نہیں۔ سیپکو کاعملہ مختلف علاقوں میں رشوت کے عوض بجلی چوری کرا رہا ہے۔ بجلی چوری کا بوجھ غریب صارفین پر ڈال کر اضافی یونٹوں اور ڈیڈکشن بلز بھیجے جارہے ہیں جو سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ شکایات پر صارفین کو بجلی منقطع کرنے سمیت ہراساں کیا جاتا ہے اور بل درستگی کے لیے آٹھ سے دس ہزار روپے رشوت طلب کی جاتی ہے۔ مظاہرین نے وقافی وزیر پانی و بجلی، سیپکو چیف سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لے کر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرکے شہریوں کو بجلی کے حوالے سے درپیش مشکلات سے نجات دلاتے ہوئے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ اور اعلان کیا کہ اگر شہریوں کا جائز مطالبہ پورا نہ ہوا تو احتجاج کا دائرہ بڑھا دیں گے۔