افغانستان سے امریکی انخلا پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا، اسد قیصر

206

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ بجٹ اجلاس کے بعد افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا، افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا اور اس کے بعد کی پالیسی اہم معاملہ ہے، پورے ایوان کو معاملے پر ان کیمرہ بریفنگ دینے کی تجویز ہے جبکہ کمیٹی بنا کر بھی افغانستان کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جاسکتا ہے۔پیر کوقومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا۔بجٹ پر عام بحث میں حصہ لیتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رکن امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ خدانخواستہ اگرافغانستان دوبارہ خانہ جنگی کی طرف بڑھا تو حالات ادھر بھی اور ادھر بھی نقصان دہ ہوں گے۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے معاملے کو اہم قرار یا اور کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے اس پر ان کیمرہ اجلاس طلب کیا جا سکتا ہے، افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا اور اس کے بعد کی پالیسی اہم معاملہ ہے، بجٹ اجلاس کے بعد افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔اسپیکر نے کہا کہ پورے ایوان کو معاملے پر ان کیمرہ بریفنگ دینے کی تجویز ہے جبکہ کمیٹی بنا کر بھی افغانستان کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جاسکتا ہے۔