بینظیر بھٹو نے آمریت کو شکست فاش دی،مراد علی شاہ

132

کراچی(نمائندہ جسارت)بے نظیر بھٹو کے 68 ویں یوم ولادت کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے جمہوریت پسند عوام کو شہیدجمہوریت بےنظیر بھٹو کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو پاکستان کی پہلی جمہوری قائد ہیں جنہوں نے آمریت کو نہ صرف چیلنج کیا بلکہ شکست فاش دی وہ ایک عوامی لیڈر تھیں اور عوام سے جڑی رہیں۔ یہ خوبی انہوں نے اپنے شہید والد سے سیکھی تھی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ محترمہ خود سیاسی انتقام کا نشانہ بنیں لیکن پاکستان میں سیاسی مفاہمت کی بنیاد ڈالی۔ بےنظیر بھٹو سیاست میں حرف آخر کی طرح تھیں۔ انہوں نے جو کہا وہ اصول بن گیا۔ ان کا فلسفہ کہ ”سیاست میں کوئی مستقل دوست یا دشمن نہیں ہوتا“ آج بھی پاکستانی سیاست کا متفقہ نظریہ ہے۔ انہوں افسوس کے ساتھ اس بات کا اظہار کیا کہ موقع پرست تعصب کو ہوا دینے لگے ہیں۔ پاکستان کو بےنظیر بھٹو کے سیاسی فلسفے کی جتنی ضرورت آج ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔