لاہور (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں کورونا ویکسین کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے،ادویات کی فی الفور فراہمی کا بندوبست کیا جائے۔ شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 22 کروڑ عوام کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے، چند لاکھ ڈوز منگوانے اور خیراتی ویکسین سے کام چلانے کی چھوٹی سوچ تبدیل کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کی عدم دستیابی حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کا ایک اور ثبوت ہے۔ اپوزیشن نے بار بار خبردار کیا تھا کہ عوام کی زندگیاں موذی وائرس سے محفوظ بنانے کے لیے بروقت ویکسین کی بکنگ کرائی جانی چاہیے لیکن ویکسین کے فراہمی کے معاملے میں بھی وہی کچھ ہو رہا ہے جو ایل این جی کی فراہمی کے معاملے میں ہوا تھا۔ آٹا، چینی اور ادویات کے معاملے میں جس طرح مفاد پرستوں نے جیبیں بھریں، کورونا ویکسین میں وہی کچھ دہرایا جا رہا ہے۔لیگی قائد نے کہا کہ 1200 ارب روپے کے کورونا ریلیف پیکج پر کرپشن کے سنگین سوالات نے صورتحال پہلے ہی گھمبیر بنا رکھی ہے۔ عوامی سرمائے کی چوری انتہا پر ہے اور عوام کو خدمات کی فراہمی صفر ہے۔ حکومت کی چوری، نااہلی اور بد انتظامی کی سزا عوام کو مل رہی ہے ۔