لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کی عدالت نے جعلی بینک چیک دینے کے الزام میں خاتون کو دو سال قید اور بیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی، جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزمہ مزید دو ماہ قید کاٹے گی۔ سیکنڈ سول جج اینڈ جوڈیشل و ماڈل ٹرائل مجسٹریٹ کورٹ لاڑکانہ کی عدالت میں سال 2020ء کے دوران تھانہ مارکیٹ پر 20 لاکھ روپے کا جعلی چیک دینے کے متعلق دائر مقدمے کی سماعت ہوئی جہاں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے نامزد خاتون ملزمہ عذرہ پروین بھٹو کو 2 سال قید اور 20 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزمہ مزید 2 ماہ قید کاٹے گی۔ پولیس کے مطابق خاتون پر منیر شیخ نامی تاجر کی جانب سے 20 لاکھ روپے کا جعلی چیک دینے کا مقدمہ درج کیا گیا تاہم مقدمہ درج کرنے کے بعد خاتون ضمانت پر تھی آج دوران سماعت جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزمہ کی ضمانت منسوخ کرکے انہیں 2 سال قید اور 20 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے، ادہر سزا کے بعد ملزمہ کو لیڈیز جیل منتقل کردیا گیا۔