پی ایس ایل 6: کراچی کنگز نے کوئٹہ کو شکست دیکر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا

333

ابوظہبی (سید وزیر علی قادری):  پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے29 ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے شکست دیکر پلے آف مقابلوں کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

ابوظہبی  کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں  کراچی کنگز نے ٹاس  جیت کر پہلے بیٹنگ  کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 176 رنز بنائے، جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 162 رنز ہی بناسکی۔

قبل ازیں کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا، بابراعظم 23 اور شرجیل خان 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔مارٹن گپٹل صرف 5 رنز ہی بناسکے اور نجیب اللہ زدران 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کپتان عماد وسیم 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم چیڈوک والٹن اور دانش عزیز کی بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل بنانے میں کامیاب رہی دانش عزیز نے 13 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے جب کہ چیڈوک والٹن 34 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے آرش علی خان نے 4، عبدالناصر اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ شروع ہوئی تو سیم ایوب اور جیک ویتھرالڈ نے 32 رنز کا آغاز فراہم کیا، صائم ایوب 19 اور ویتھرالڈ 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، دسویں اوور میں عثمان خان 15 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے اسی طرح 13 ویں اوور میں اعظم خان بھی 15 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

123 رنز کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پانچویں وکٹ بھی گرگئی،حسن خان 24 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مزید مشکل میں آگئے۔ ان کے فوری بعد عبدالناصر آئے جو صفر پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کپتان سرفراز احمد نے آخری وقت تک میچ جیتنے کے لیے بھرپور کوشش کی تاہم انہیں کامیابی نہ ملی، 33 گیندوں پر بنائی گئی ان کی نصف سنچری (51 رنز) بھی گلیڈی ایٹرز کے کام نہ آئے۔ سرفراز آخر تک ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 162 رنز پر ہمت ہار گئی ۔

کراچی کنگز نے میچ جیتنے کے ساتھ ہی پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔