پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں479 رنز کا نیا ریکارڈ

765

اسلام آباد یونائٹیڈ اور پشاور زلمی کے مابین ابوظبی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے میچ میں 40 اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر479رنز بنے جوپاکستان سپر لیگ میں ایک میچ میں سب سے زیادہ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پانچویں سب سے زیادہ رنز ہیں۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے اس میچ میں15 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اسلام آبا د یونائٹیڈ نے مقررہ20 اوور میں 2 وکٹ پر 247 رنز بنائے تھے جو پاکستان سپر لیگ میں سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ اسلام آباد یونائٹیڈ کے ہی پاس تھا جس نے لاہور قلندرز کے خلاف کراچی میں9 مارچ2019 کو ہوئے میچ میں مقررہ20 اوور میں 3 وکٹ پر 238 رنز بنائے تھے۔ پشاور زلمی نے بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں 6 وکٹ پر232 رنز بنائے تھے جو پاکستان سپر لیگ میں بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے سب سے بڑا اور کل ملاکر تیسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے پہلے بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے سب سے بڑا اسکور کرنے کا ریکارڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس تھا جس نے لاہور قلندرز کے خلاف دبئی میں 16 فروری2016 کو کھیلے گئے میچ میں مقررہ 20 اوور میں8 وکٹ پر 203 رنز بناکر میچ آخری بال پر دو وکٹ سے جیتا تھا۔
پاکستان سپر لیگ میں اس سے پہلے ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ اسلام آباد یونائٹیڈ اور لاہور قلندرز کے مابین کراچی میں9 مارچ2019 کو ہوئے میچ میں قائم ہوا تھا۔ اس میچ میں40 اوور میں 12 دکٹوں کے نقصان پر427 رنز بنے تھے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں3 وکٹ پر238 رنز بنائے تھے۔لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹ پر 189 رنز بنائے تھے جسکی وجہ سے اسے49 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز کی تعداد 40 اوور میں 7 وکٹ پر497 رنز ہے۔21 دسمبر2016 کو نیو پلے مائوتھ میں ہوئے میچ میں اوٹاگو نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں3 وکٹ پر 249 رنز بنائے تھے جسکے جواب میں سینٹرل ڈسٹرکٹ کی ٹیم20 اوور میں 4 وکٹ پر 248رنز بنائے تھے جس کے بعد اسے ایک رنز سے شکست ہوئی تھی۔
اسلام آباد یونائٹیڈ کا اسکور کسی پاکستانی ٹیم کا ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے پہلء ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی پاکستانی ٹیم کا سب سے زیادہ اسکور مقررہ 20 اوور میں 2 وکٹ پر 243 رنز تھا جو کراچی ڈولفنز نے لاہور ایگلز کے خلاف14 اکتوبر2010 کو لاہور میں فیصل بینک ٹوئنٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران بنایا تھا۔
اسلام آباد یونائٹیڈ کے20 اوور میں دو وکٹ پر 247 رنز متحدہ عرب امارات میں کسی ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں سب سے بڑا اسکور ہے۔اس سے پہلے متحدہ عرب امارات میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور کرنے کا ریکارڈ بلخ لیجنٹس کے پاس تھا جس نے کابل زوانن کے خلاف14 اکتوبر2018 شارجہ میں مقررہ 20 اوور میں 6 وکٹ پر 244 رنز بنائے تھے۔