اسلام آباد (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہماری معیشت ہی نہیں بلکہ قانون سازی تک عالمی اداروں کے پاس گروی رکھ دی گئی ہے، آج ناموس رسالت اور ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کے لیے دبائو ہے، انہوں نے دینی مدارس کے ذمے داران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ خبردار! کوئی چھوٹا سا مدرسہ بھی لالچ میں آکر نئے بورڈوں میں نہ چلا جائے، مولانا فضل الرحمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مدارس اور وفاق المدارس کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاق المدارس کی مجلس عمومی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ملک بھر سے آئے ہوئے 1300 علماء کرام اور وفاق المدارس کے اراکین سے کہا کہ پہلے بھی علماء کرام کو مشاہروں کا لالچ دیا گیا جسے سب نے متحدہوکر مسترد کردیا آج پھر مشکل وقت اور آپ کا امتحان ہے جس میں آپ نے استقامت کا مظاہرہ کرنا ہے۔ اگر کوئی ڈنڈا لگا تو پہلے ہمارے سر پر لگے گا آپ کو نہیں لگنے دیں گے، انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس ہمارے لیے چھت اور سائبان ہے جس کے نیچے ہم سب اکٹھے ہوجاتے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ وفاق المدارس ہے اور رہے گا اور اس کے خلاف ہرسازش ناکام ہو جائے گی، ہمیں اچھی طرح معلوم ہے یہ سازشیں کہاں سے ہورہی ہیں؟ نئے بورڈز کا حشر بھی پرویز مشرف کے مدرسہ بورڈ جیسا ہوگا۔