اپوزیشن کو اسمبلی میں بات نہ کرنے دینا حکومتی مشن ہے،شاہد خاقان

149

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں بجٹ سیشن کے دوران ہونے والی ہلڑ بازی پر موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سب کی وڈیو موجود ہے‘ اسپیکر صاحب خود بیٹھے ہوئے تھے‘ اسپیکر اسمبلی کے ہر فرد کو چہرے سے پہنچانتا ہے‘ میں گارنٹی دیتاہوں کہ اسپیکر کسی کے خلاف کوئی بڑا اقدام نہیں کریں گے‘ اگر کبھی کارروائی ہوئی تو ان چند بے گناہوں کے خلاف کریں گے جنہیں قربانی کا بکرا بنایا جائے گا‘ ملائکہ بخاری کو ان کے اپنے ہی ساتھیوں نے کتاب مار کر زخمی کیا ہے ، جس کی وڈیو بھی موجود ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو ایف آئی اے نے شوگر اسکینڈل میں نہیں بلکہ قومی اسمبلی میں عوام کے حق میں بولنے پر طلب کیا ہے ‘ حکومت کا مشن ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کو بات نہ کرنے دی جائے۔ ان کا کہنا تھاکہ عوام وزیر اعظم کے غلط فیصلوں کی وجہ سے چینی کی مد میں 600 ارب ادا کرچکے ہیں لیکن ان کو نوٹس نہیں دیا صرف شہباز شریف کو دیا گیا ہے جن کا اس معاملے سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے‘ ایف آئی اے کا نوٹس مضحکہ خیز ہے‘ لاہور ہائی کورٹ شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں کلین چٹ دے چکا ہے۔