کشمیر کا سودا کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی،سراج الحق

427
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق مولانا غلام نبی نوشہری کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کررہے ہیں، صدر آزاد کشمیر بھی اسٹیج پر موجود ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ کشمیر کا سودا کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی ۔ کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ 22 کروڑ پاکستانی ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔مقبوضہ وادی پر آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا ۔ گزشتہ 2 برس میں حکومت سے بار بار مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کی آزادی کے لیے نیشنل ایکشن پلان بنایا جائے مگر مجال ہے جو اسلام آباد میں بیٹھے اندھے بہرے گونگے حکمرانوں کے کان پر جوں تک رینگی ہو ۔ وزیراعظم مسئلہ کشمیر پر ایک دن منانے اور اقوام متحدہ میں آدھے گھنٹے کی تقریر کرنے کے بعد سب کچھ بھول گئے ۔ حکمرانوں کو کشمیر کاز کے لیے جو کچھ کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا ۔ کشمیر اور فلسطین پر عالمی اداروں کی خاموشی لمحہ فکر ہے۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اندوہناک مظالم کے خلاف پوری دنیا میں آواز بلند کرتی رہے گی ۔ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔حریت رہنمائوں اور کشمیری عوام کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ملک کی اسمبلیاں اکھاڑے اور جمہوریت مذاق بن کر رہ گئی ہے ۔ نام نہاد منتخب نمائندوں نے ایک بار پھر پوری دنیا کو تماشا دکھایا ۔ قومی اسمبلی میں ہونے والی گالم گلوچ اور بد تہذیبی ٹی وی اسکرینوں کے ذریعے گھر گھر پہنچ گئی ۔ عوام سے کہتاہوں کہ ان لوگوں کو اچھی طرح پہچان لیں ۔ طاقت اور دولت کے بل بوتے پر ملک کے مقدس ایوانوں تک پہنچنے والے یہ جاگیردار اور سرمایہ دار کبھی بھی عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں کریں گے ۔بڑی اپوزیشن جماعتوں کا رویہ بھی قابل ستائش نہیں مگر حکومتی نمائندوں نے تو غیر ذمے داری اور غیر سنجیدگی کی تمام حدیں پار کردیں ۔ قوم بھوک اور غربت کی چکی میں پس رہی ہے مگر حکومت نعرے بازی اور گالم گلوچ میں مصروف ہے ۔ حکمرانوں کو اپنے کیے کا جواب دینا پڑے گا ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے کشمیری رہنما مولانا غلام نبی نوشہری کی خود نوشت ’’ قصہ نصف صدی کا ‘‘ کی تقریب رونمائی میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان ، رکن آزاد کشمیر اسمبلی عبدالرشید ترابی، کشمیری رہنما نورالباری ودیگر قائدین نے بھی تقریب میں شرکت اور خطاب کیا۔ امیر جماعت نے مولانا غلام نبی نوشہری کی کتاب کو تحریک آزادی کشمیر کا اہم باب قرار دیتے ہوئے مصنف کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے حریت پسند کشمیری قائدین اور کشمیری نوجوانوں کی قربانیوں اور جرأت و بہادری کا بھی ذکر کیا ۔ انہوںنے کشمیری مائوں ، بہنوں ، بیٹیوں کی ہمت و حوصلے کو داد دیتے ہوئے کہاکہ ان کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی اور تاریکی اور ظلم کی رات جلد چھٹ جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج لوگوں کے گھر جلا رہی ہے ۔ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوچکاہے ۔ قابض فوج نے ہزاروں کشمیریوں کو گھروں سے اٹھا کر غائب کردیاہے ۔ مقبوضہ وادی میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے انتہا پسند ہندوئوں کی آبادکاری کی جارہی ہے ۔ حیران ہوں کہ ہمارے حکمرانوں کو یہ سب کچھ کیوں نظر نہیں آرہا۔ کشمیر بھارت کے حوالے کردینے کا مطلب ملک کے نظریے سے غداری اور کشمیریوں سے بے وفائی ہے ۔حکمرانوں کو خبردار کرناچاہتاہوں کہ کشمیر پر سودے بازی کا مطلب پاکستان کو بنجر بناناہے ۔سراج الحق نے کہاکہ بجٹ کے اہم ترین سیشن کے دوران قومی اسمبلی کے جو مناظر ٹیلی وژن اسکرینوں کے ذریعے گھروں تک پہنچے ہیں اس سے قوم کا سر شرم سے جھک گیا ، تاہم اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی واضح ہوگیا کہ حکمران طبقہ کبھی بھی ملک کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہوسکتا ۔ شور شرابہ ، نعرے و ہلڑبازی ، گالم گلوچ اورایک دوسرے پرحملوں سے قوم کو بس یہ یاد دلایا گیا کہ ہم حکمران ہیں اور آپ محکوم ۔ پاکستانیوں کو سوچنا پڑے گا کہ کیسے ملک و ملت کا دردرکھنے والے افراد کو اسمبلیوں تک پہنچاناہے ۔ الیکشن میں دھونس اور دھاندلی کا کلچر ختم کر کے ہی ایسا ممکن ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنی آواز ملک کے نوجوانوں ، پروفیشنلزاور پڑھے لکھے طبقات تک پہنچا رہی ہے ۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں عدل و انصاف کا بول بالا ہو ۔ جماعت اسلامی پرامن جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو عظیم اسلامی فلاحی مملکت بنانے کا خواب ضرور شرمندۂ تعبیر ہوگا ۔