پاک فوج ہر قیمت پر وطن کا دفاع کرتی رہے گی ،آرمی چیف

272

راولپنڈی(آن لائن) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ہر قیمت پر قوم کی خدمت اور وطن کا دفاع کرتی رہے گی ،آرمی چیف نے مشرقی اور مغربی سرحدوں اور ایل او سی پر تیاریاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق 78ویں فارمیشن کمانڈرز کی 2 روزہ کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانفرنس کی صدارت کی ،جس میں کور کمانڈرز،پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشنز کمانڈرز نے شرکت کی۔شرکا کو موجودہ جیوا سٹرٹیجک ماحول،قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے جوابی حکمت عملی سے متعلق بریف کیاگیا۔شرکا نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔فورم کو دنیا میں فوج کے زیر استعمال جدید ٹیکنالوجیز کے علاوہ ابھرتے ہوئے آپریشنل لاجسٹکس انفرااسٹرکچر کوراسپانڈنگ کی اپ گریڈیشن سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے آپریشن رد الفساد کی کامیابی کے بعد پاکستان بھر میں استحکام کے لیے ہونے والے آپریشنز کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔فورم نے بہادر قوم بالخصوص قبائلی عوام کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس میں کشمیری عوام کی اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کی جدوجہد میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی جانب سے بامعنی معاونت کے ساتھ ساتھ سرحد پر سیکورٹی کو بڑھانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔آرمی چیف نے اس موقع پر جیواسٹرٹیجک ماحول کے تناظر میں ایل او سی،ورکنگ باؤنڈری اور پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر اعلیٰ معیار کی آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔آرمی چیف نے اس موقع پر کھیلوں اور تربیت کے دوران مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر منگلا اور ملتان کورس کو ٹرافیاں بھی پیش کیں۔