اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان ٹیکسوں سے عوام کا خون نچوڑ کر اشرافیہ کی عیش پرستی کا سامان پیدا کررہے ہیں جبکہ تنخواہ دار طبقے کے میڈیکل الائونسز کے خاتمے کی کوششیں دشمنی کی انتہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کہناہے کہ ملکی تاریخ کی سب سے کرپٹ حکومت نے سب سے زیادہ ٹیکس لگا کر عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکا مارنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے، بجٹ 2021 ایک ایسی دستاویز ہے کہ جس میں عوام کی جیبوں سے پیسہ نکال کر مخصوص سرمایہ داروں کو ایمنسٹی دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا ا کہ عام آدمی کی معاشی کمر توڑنے کے لئے عمران خان کی حکومت نے پنشن اور پروویڈنٹ فنڈز تک پر 10 فیصد ٹیکس لگانے کی تیاری کرلی ہے، پی ٹی آئی حکومت اخباری صنعت سے وابستہ افراد کے سفری الائونسز تک پر ٹیکس لگارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی حکومت کے عوام دشمن اقدامات کی بدولت ہوٹل ملازمین کو اب دوران ملازمت ٹیکس فری کھانا نہیں ملے گا جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے ایسا وار کیا ہے کہ تعلیمی اداروں کے ملازمین اب اپنے بچوں کو رعایتی یا مفت تعلیم دلانے سے قاصر رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس استثنیٰ ختم ہونے کے بعد ہسپتال اپنے ملازمین تک کو مفت یا رعایتی علاج فراہم نہیں کرسکیں گے جبکہ تنخواہ دار طبقے کے میڈیکل الائونسز کے خاتمے کی کوششیں دشمنی کی انتہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستِ مدینہ کا نعرہ لگاکر عمران خان نے ماضی کے ظالم بادشاہوں کی سلطنت قائم کرلی جہاں وہ ناقابل برداشت ٹیکسوں سے عوام کا خون نچوڑ کر اشرافیہ کی عیش پرستی کا سامان پیدا کررہے ہیں۔