کراچی (سید وزیر علی قادری): پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے 22ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ افتخار احمد کو عمدہ بیٹنگ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نے 191 رنز کا مطلوبہ ہدف 8 گیندیں قبل حاصل کر لیا۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے پہلے آؤٹ ہونے والے عثمان خواجہ تھے، وہ 12 رنز پر عباس آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے، محمد اخلاق صرف ایک رن ہی بنا سکے، انہیں وقاص مقصود نے بولڈ کیا۔
ابتدائی 2 وکٹیں گنوانے کے بعد کولن منرو اور افتخار احمد کی عمدہ شراکت داری نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 150 ر نز کی شراکت داری قائم کی،
کولن منرو نے 56 گیندوں پر 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔
افتخار احمد نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 39 گیندوں پر 71 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے. کراچی کنگز کی جانب سے وقاص مقصود اور عباس آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کے اوپنرز شرجیل خان اور بابر اعظم نے جارحانہ انداز اپنایا، شرجیل خان 25 اور مارٹن گپٹل 6 رنز ہی بنا سکے۔ بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نجیب اللہ زدران کے ساتھ 117 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔
بابر اعظم نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 81 رنز کی اننگز کھیلی، نجیب اللہ زدران 42 گیندوں پر 71 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عاکف جاوید، حسن علی، محمد وسیم اور علی خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گئے، پہلے میچ میں لاہور قلندرز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں شیخ زید اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔