لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) جی یوآئی سندھ کا پیپلزپارٹی کیخلاف تحریک شروع کرنے کا فیصلہ، جمعیت علماء اسلام سندھ کی مجلس عاملہ نے پیپلزپارٹی مخالف تحریک کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے جی یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد خالد محمود سومرو نے لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی تحریک کا رخ وفاقی حکومت کیساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کی نااہل حکومت کی طرف موڑ رہے ہیں۔ سندھ میں کرپشن، لوٹ مار، تعلیم کی تباہ حالی، صحت کی مخدوش حالت پر احتجاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تباہ حال زراعت حکمرانوں کی طرف سے پانی کی چوری سندھ کی زمینوں کو بیچنے کا معاملہ احتجاج میں اٹھائیں گے۔ بڑھتے ہوئے قبائلی تکرار اسٹریٹ کرائم لوڈشیڈنگ و دیگر علاقائی اور مقامی مسائل احتجاج کا حصہ ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کیخلاف شروع ہونے والی تحریک چار مرحلوں پر مشتمل ہوگی، پہلے مرحلے میں ضلعی ہیڈ کوارٹرز مین 17 جون بروز جمعرات کو پریس کلب کے سامنے مظاہرے ہوں گے۔ دوسرے مرحلہ میں کراچی میں 29 جولائی پی ڈی ایم کے جلسہ کو سندھ کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔ تیسرے مرحلہ میں تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں سندھ حکومت کیخلاف عوامی جلسے منعقد کیے جائیں گے، آخری مرحلہ میں گھوٹکی تا کراچی وزیر اعلیٰ ہائوس تک لانگ مارچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹائون کیخلاف پر امن احتجاج کرنے والی قوم پرست قیادت کو فوری آزاد کیا جائے اور جھوٹے مقدمات واپس لیے جائیں۔ مظاہروں کے دوران پُرامن مظاہرین پر تشدد کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ سندھ کی زمینوں کو مزید بیچنے نہیں دیا جائے گا۔ بحریہ ٹائون واقعہ کی اصل ذمے دار سندھ حکومت ہے۔