بجٹ کے ہرصفحے پر عوام کے معاشی قتل عام کی ترکیب لکھی ہے، بلاول

194

کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ بجٹ کے ہر صفحے پر عوام کے معاشی قتل عام کی ترکیبیں لکھی ہیں، آئی ایم ایف کے ملازموں کا تیار کردہ بجٹ غور کیے بغیر جوں کا توں پیش کردیا گیا، عام آدمی کے استعمال کی ہر شے پر اربوں روپے کا بالواسطہ ٹیکس لگادیا گیا ہے جس کے بعد ملک میں مہنگائی کا ایک نیا سونامی آنے والا ہے۔ جاری بیان میں بلاول زرداری نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ملازموں نے بجٹ تیار کرکے عمران خان کو دیا جسے غور کے بغیر جوں کا توں پیش کردیا گیا، عام آدمی کے استعمال کی ہر شے پر اربوں روپے کے بالواسطہ ٹیکس کی وجہ سے پیٹرول پر 20 روپے فی لیٹر اور چینی پر 7 روپے فی کلو اضافہ ہونے والا ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جب کمپنیاں خام تیل اور ایل این جی پر 17 فیصد سیلز ٹیکس دیں گی تو پیٹرول اور گیس کی قیمتیں بڑھیں گی اور اس بالواسطہ ٹیکس کا بوجھ عوام بھگتیں گے، کورونا وائرس سے بچنے کیلیے عوام نے آن لائن خریداری شروع کی تو عمران خان نے اس پر بھی سیلزٹیکس لگادیا، عام آدمی آخر جائے تو کہاں جائے، یہ المیہ نہیں تو کیا ہے کہ وطن سے دور پاکستانی روزگار سے محروم پاکستانیوں کو ملکی برآمد سے زیادہ ترسیلاتِ زر بھیج رہے ہیں۔