کراچی (اسٹاف رپورٹر) عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس کی آمد کے موقع پر عدالت کے سامنے گجر نالہ اور اورنگی ٹاؤن متاثرین کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں خواتین، بچوں نے بھی شرکت کی متاثرین کا مطالبہ تھا کہ انہیں گھر کے بدلے گھر دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت کے سامنے متاثرین گجر نالہ اور اورنگی ٹاؤن نالہ بڑی تعداد میں جمع وئے اور احتجاج کیا گیا ۔ متاثرین میں بڑی تعداد خواتین، بچوں اور مردوں کی تھی۔ احتجاج کے دوران عدالت عظمیٰ آنے جانے والی سڑک پر دھرنا بھی دیا گیا جسکی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی متاثرین کا کہنا تھا کہ انسداد تجاوزات کی آڑ میں انکے مکانات کو بھی مسمار کردیا گیا انہیں گھر کے بدلے گھر دیا جائے متاثرین کا کہنا تھا کہ انکے مکانات لیز تھے پھر بھی ان سے انکی چھت چھینی گئی انہیں یا تو گھر دیا جائے یا پھر معاوضہ ادا کیا جائے۔