تیسرا چیف آف نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ یکم اگست سے ہوگا

230

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیول ا سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے زیراہتمام تیسرا چیف آف نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ یکم تا 8 اگست عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔ پی ایچ ایف رینکنگ میں شامل ٹاپ8 ٹیمیں ایونٹ میں شریک ہونگی۔ دفاعی چیمپین نیشنل بینک اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی- ایونٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کہنہ مشق ٹیکنیکل آفیشلز اور امپائرز کا تقرر کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور نیول ا سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے تعاون سے تیسرا چیف آف نیول اسٹاف کپ اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ یکم تا8 اگست کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کی دفاعی چیمپین ٹیم نیشنل بینک اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے پرعزم ہے۔ ایونٹ میں شرکت کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پی ایچ ایف رینکنگ کی ٹاپ8 ٹیموں کو شرکت کے لئے دعوت نامہ اور ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ان ٹیموں میں سے بوجوہ اگر کوئی ٹیم مقررہ وقت تک انٹری کنفرم نہ کرسکی تو اسکی جگہ متبادل ٹیم کو شامل کیا جائے گا۔ پاکستان نیوی کی جانب سے ایونٹ کو شایان شان طریقے سے منعقد کرانے کے لئے بہترین انتظامات کئے جائینگے۔ روشنیوں کے شہر کراچی میں قومی کھیل کے اس شاندار ایونٹ میں اولمپینز، انٹرنیشنل اور نیشنل سینئر و جونیئر کھلاڑیوں کی ایک کثیر تعداد میدان میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ٹیموں کو شرکت کے دعوت نامہ جات ہدایات کے ساتھ ارسال کئے گئے ہیں۔ٹیموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ 18 جون تک اپنی شرکت کی تصدیق کردیں۔