نوازشریف کی جائیداد نیلامی کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

279

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیداد نیلامی کا احتساب عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

درخواست گزاروں میاں اقبال برکت، اسلم عزیز اور اشرف ملک نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اپر مال لاہور کا گھر، رائیونڈ کی ایک سو پانچ ایکڑ اراضی کی ضبطگی سے روکا جائے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ شیخوپورہ کی 88 کنال ارضی کی ضبطگی کا احتساب عدالت کا حکم بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے فیصلہ دیتے وقت حقائق کو نظر انداز کیا، یکم اکتوبر 2020، اپریل اور جون 2021 کا احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار نہ دیا گیا تو درخواست گزار متاثر ہوں گے اور انہیں ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری ملزم نواز شریف کی جائیداد ضبطگی اور نیلامی کے احکامات جاری کیے تھے جس پر نواز شریف کی جائیدادوں کے تین دعویدار سامنے آئے اور انہوں نے احتساب عدالت سے رجوع کیا تاہم ٹرائل کورٹ نے ان کی درخواستیں مسترد کریں۔