کوئٹہ میں ایف سی کے جوانوں پر دہشت گردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید

866

راولپنڈی: کوئٹہ میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے جوانوں پر دہشت گردوںنے حملہ کردیاجس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے کوئٹہ میں مارگٹ مائنزکی حفاظت پرمامورایف سی اہلکاروں کو روڈ پربارودی سرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ایف سی پر حملے کے لیے دیسی ساختہ بارودی سرنگ استعمال کی، شہید ہونے والے چاروں بہادر ایف سی اہلکاروں میں ایک جونیئرکمیشنڈ آفیسربھی شامل ہے۔

شہدا میں صوبیدار سردار علی خان جن کا تعلق تحصیل لکی مروت کے گائوں وانڈا لنگر کیل سے تھا، سپاہی مصدف حسین کا تعلق ضلع وہاڑی کے چک 272 ای بی سے تھا، سپاہی محمدانور کا تعلق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے وانڈہ تلگی سے تھااور سپاہی اویس خان ضلع نیلم کے گائوں بندال سے تھے شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کا آپریشن شروع کرد یا ہے، آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شرپسند عناصر کے ایسے بزدلانہ حملے بلوچستان میں مشکل سے حاصل کئے گئے امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کرسکتے، سیکیورٹی فورسزاپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ایسے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گی۔