اربوں کے ٹیکس لگانے سے مہنگائی کا ایک نیا سونامی آنے والا ہے، بلاول بھٹو

222

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اربوں کے بالواسطہ ٹیکس لگانے سے مہنگائی کا ایک نیا سونامی آنے والا ہے،  آئی ایم ایف کے ملازموں نے بجٹ تیار کرکے عمران خان کو دیا ہے جسے جوں کا توں پیش کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق  بلاول بھٹو زرداری کا اپنے  بیان میں کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ملازموں نے بجٹ تیار کرکے عمران خان کو دیا جسے کسی بھی غور کے بغیر جوں کاتوں پیش کردیا گیا جبکہ عوام دشمنی کی بنیاد پر بنائے گئے اس سلیکٹڈ بجٹ کے ہر صفحے پر عوام کے معاشی قتل عام کی ترکیبیں لکھی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلاواسطہ ٹیکس کے بجائے اربوں روپے کے بالواسطہ ٹیکس لگانے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے، پی ٹی آئی نے عام آدمی کے استعمال کی ہر شے پر اربوں روپے کا بالواسطہ ٹیکس لگادیا جس کے بعد ملک میں مہنگائی کا ایک نیا سونامی آنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول پر 20 روپے فی لیٹر اور چینی پر سات روپے فی کلو کا اضافہ بالواسطہ ٹیکس کی وجہ سے ہونے والا ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب کمپنیاں خام تیل اور ایل این جی پر 17 فیصد سیلز ٹیکس دیں گی تو پیٹرول اور گیس کی قیمتیں بڑھیں گی اور اس بالواسطہ ٹیکس کا بوجھ عوام بھگتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے عوام نے آن لائن خریداری شروع کی تو عمران خان نے اس پر بھی سیلزٹیکس لگادیا، عام آدمی آخر جائے تو کہاں جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ المیہ نہیں تو کیا ہے کہ وطن سے دور پاکستانی روزگار سے محروم پاکستانیوں کو ملکی برآمد سے زیادہ ترسیلاتِ زر بھیج رہے ہیں۔