مظفر آباد (آن لائن) وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کو آزادکشمیر الیکشن قوانین سے متعلق ان کی جماعت نے غلط بریف کیا، انتخابی فہرستوں کی تیاری میں حکومت آزادکشمیر یا وزیراعظم آفس کا کوئی کردار نہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزادکشمیر بااختیار ادارہ ہے، آزاد کشمیر کا الیکشن کمیشن کئی ماہ سے ووٹرفہرستوں کی تیاری میں مصروف ہے، حتمی ووٹرفہرستوں کی اشاعت سے قبل بارہا مجوزہ فہرستیں شائع کی جاتی ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر اور ان کے دفتر کو ملوث کرنے کی بات بلاول شاید لاعلمی میں کہہ گئے، بلاول یا ان کی جماعت کو انتخابی فہرستوں پر اعتراضات ہیں تو اس کا قانونی طریقہ کار موجود ہے۔