مہنگائی کم کرنے کیلیے اقدامات کررہے ہیں،شاہ محمود قریشی

276

ملتان ( آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گندم، چاول، گنے کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ،کپاس سے متعلق ہدف میں ناکامی ہوئی ، اس کے لیے چین سے مدد لیں گے، حکومت کی بنیادی ترجیحات میں مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے، ہماری کوشش ہے کہ عام صارف کی قوت خرید میں اضافہ کریں ،روپے کی قدر میں بھی بہتری آئی ہے آئندہ مالی سال 29ارب ڈالر کی ترسیلات زر متوقع ہیں۔ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے انہو ںنے کہا کہ بجٹ پر ہر طبقے نے مثبت خیالات کا اظہار کیا ہے کیونکہ حکومت نے بجٹ میں تمام توجہ معاشی گروتھ (نمو) پر رکھی ہے جب ڈیولپمنٹ پر زیادہ پیسہ خرچ ہوگا تو نتیجے میں شرح نمو میں بھی اضافہ ہوگا معاشی شرح نمو میں اضافے سے مہنگائی اور غربت میں کمی ہوگی جبکہ کورونا چیلنجز کے باوجود معیشت کی ریکوری کا آغاز ہوگا ترسیلات زر میں ہماری توقع سے زیادہ ر یکارڈ اضافہ ہوا جس سے مجموعی معاشی اشاریے مثبت ہوں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت کی بنیادی ترجیحات میں مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے، پورے سال سب سے بڑا چیلنج مہنگائی رہا ہے ہماری کوشش ہے کہ عام صارف کی قوت خرید میں اضافہ کریں تاکہ اگر کچھ چیزیں مہنگی بھی ہیں تو خرید سکے، فی کس آمدنی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پر بہت دباؤ تھا کہ بجلی کے ٹیرف میں اضافہ کیا جائے لیکن وزیر اعظم نے دباؤ قبول کرنے سے انکار کردیا۔ سیلز ٹیکس میں اضافہ نہ کرکے قیمتوں کو کنٹرول کیا گیا ہے۔