جعلی کاغذات پر پاکستان آنیوالا ایرانی نژاد امریکی گرفتار

158

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے کراچی کے ریڈ زون میں واقع میریٹ ہوٹل میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی کاغذات پر پاکستان میں داخل ہونے والے ایرانی نژاد امریکی شہری کو گرفتار کرلیا۔بتایاجاتاہے کہ انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک ایران سے پاکستان میں فعال ہے اور 15 ہزار ڈالر میں جعلی کاغذات پر پاکستان میں با آسانی داخل ہواجاسکتا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ایرانی نژاد امریکی شہری جعلی کاغذات پر پاکستان داخلے پر گرفتارہوا، ایرانی نژاد امریکی شہری اپنے ملک ایران گیا تھا جہاں اس کے کاغذات ضبط کرلیے گئے۔ حکام نے بتایا کہ اس نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کو15 ہزارڈالر دیے اور جعلی کاغذات پر پاکستان با آسانی پہنچ گیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق کراچی پہنچنے کے بعد اس نے امریکی قونصلیٹ سے اپنا پاسپوٹ بھی حاصل کرلیا، اطلاع ملنے پر ایف آئی اے نے کارروائی کر کے اسے گرفتار کرلیا۔حکام کاکہنا ہے کہ امریکی شہری کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اورانسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کی تلاش بھی شروع کردی گئی ہے۔