گوادر‘ سمندری طوفان کی نشاندہی کیلیے سونامی ارلی وارننگ سائرن سسٹم نصب

185

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت)بلوچستان کے ساحلی علاقے ضلع گوادر میں سمندری طوفان کی نشاندہی کے لیے سونامی ارلی وارننگ سائرن سسٹم نصب کر دیا گیا۔ضلع گوادر کی تحصیل پسنی میں سونامی ارلی وارننگ سائرن سسٹم نصب کرنے کا افتتاح یو این ڈی پی اور پی ایم ڈی بلوچستان کے حکام نے کیا۔ متعلقہ حکام نے بتایا کہ ٹاور کی لمبائی 60 فٹ ہے اور اس کی رینج ڈیڑھ کلو میٹر تک ہے جہاں یہ لوگوں کو سونامی سے قبل اطلاع فراہم کرے گا، سونامی آنے سے 12سے 15منٹ پہلے سائرن بجے گا جو ڈیڑھ کلو میٹر تک لوگوں کو سنائی دے گا۔جس سے لوگ محفوظ پناہ گاہ کا رخ کریں گے ،پاکستان کے ساحلی علاقوں میں ابھی تک5 ڈیجیٹل سائرن سسٹم ٹاور نصب کیے گئے ہیں ،جن میں 2 مکران کے ساحلی علاقے گوادر اور پسنی میں نصب کیے گئے ہیں جبکہ 3 ٹاور سندھ کے ساحلی علاقوں میں نصب کیے گئے ہیں۔