کراچی (سید وزیر علی قادری): پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
36 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 90 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے پر کولن منرو پلیئر آف دی میچ قرار پائے، فاتح ٹیم نے 134 رنز کا مطلوبہ ہدف 10 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے دونوں اوپنرز خصوصاً کولن منرو نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، کولن منرو نے 5 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس دوران انہوں نے صرف 20 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، دونوں اوپنرز نے محض 38 گیندوں پر 100 رنز کی شراکت قائم کی،عثمان خواجہ 27 گیندوں پر 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جیک ویدرویلڈ دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کر نمایاں رہے. انہیں عاکف جاوید نے بولڈ کیا. اعظم خان نے 26 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد وسیم، حسن علی اور موسیٰ خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، عاکف جاوید اور کپتان شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا انیسواں میچ کل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔