ہنگو،علما کرام کی ویکسی نیشن کے عمل میں تعاون کی یقین دہانی

243

ہنگو (این این آئی) علما کرام نے کووڈ 19 ویکسینیشن کے عمل میں ضلعی انتظامیہ کو تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ ہنگو انتظامیہ نے کووڈ 19 کے تناظر میں انسانیت کی فلاح اور ان کو کووڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے بہترین اقدامات اٹھائے، عوام ویکسینیشن سے استفادہ کریں، علماء کرام کی اپیل۔ ہنگو کے علماء کے مثبت اور تعمیری کردار نے ہمیشہ انتظامیہ کے حوصلے کو جان بخشی ہے، کووڈ 19 کی ویکسینیشن کے عمل میں تیزی آئی ہے جو کہ نیک شگون ہے۔ ڈپٹی کمشنر حمید اللہ شاہ، ڈپٹی کمشنر، ہنگو حمیداللہ شاہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہنگو ثناء اللہ بنگش نے دارالعلوم اسلامیہ درسمند میں علماء و اکابرین حضرات سے ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو نے علماء و اکابرین کو کورونا ویکسینیشن کی افادیت و اہمیت کے بارے میں تفصیل بتائی اور ان سے استدعا کی کہ عوام میں ویکسینیشن کے بارے میں آگاہی و شعور پیدا کریں اور اپنے پورے جذبے اور خلوص کیساتھ ممبر ومحراب، اعلانات اور دوسرے جائز ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے عوام کو ویکسین کی افادیت اور حکومتی ہدایات اور اقدامات سے عوام کو آگاہ کریں۔ ڈپٹی کمشنر حمید اللہ شاہ نے کہا کہ ہنگو کے علما، آئمہ اور عمائدین نے ہمیشہ مثبت رویہ اپنایا اور انتظامیہ کے ہاتھ مضبوط کیے ہیں اور ان کے تعاون کی بدولت انتظامیہ ہر مشکل میں باوقار انداز میں مسائل کے حل میں سرخرو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کے کردار کی ستائش کرتے ہیں اور کووڈ ویکسینیشن میں علما کے تعاون سے بھرپور کامیابی ہمارا مقدر ہے۔ اس موقع پرعلماء و اکابرین حضرات نے موجودہ کورونا وبا کے دوران ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت ہنگو کی کوششوں اور انسانیت کی خدمت کو سراہا اور کہا کہ ایک انسان کی زندگی بچانا پوری انسانیت کی زندگی بچانے کے مترادف ہے۔ اور وہ عوام سے استدعا کرتے ہیں کہ مفت ویکسینیشن سے بھرپور استفادہ کریں۔ کیونکہ ویکسینیشن سے ہم کورونا کو ختم کرسکتے ہیں۔