ژوب (این این آئی) ژوب بائی پاس کی عدم تعمیر اور کچی بائی پاس کی گمبھیر صورتحال کے پیش نظر ژوب میں ٹریفک کا نظام درہم برہم، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا۔ ژوب شہر میں کئی دہائیوں سے ٹریفک کے نظام نے گمبھیر شکل اختیار کرلی ہے، بائی پاس کی عدم تعمیر اور ڈائیوو بسیں، بڑی گاڑیاں بائی پاس کے بجائے شہر کے اندر سے گزرتی ہیں کیونکہ کچی بائی پاس ٹریفک کے قابل نہیں، سڑک گہری کھائی میں تبدیل ہوچکی ہے، جس سے ژوب شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ ژوب شہر میں ٹریفک سگنل نظام نہیں ہے، مین بازار، ون وے روڈ پر بریکر سسٹم تمام کے تمام خراب ہوچکے ہیں، درستگی کے لیے کسی نے نوٹس نہیں لیا۔ گاڑیوں کی غلط پارکنگ اور بڑی گاڑیاں مین بازار سے گزرنے کے باعث ٹریفک گھنٹوں جام جبکہ عوام کو پیدل چلنا محال ہوگیا ہے۔ ٹریفک جام کے وقت ایک مسافر ڈرائیور نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان میں ہم جہاں بھی گئے ہیں، وہاں پر ہمیں کوئی تکلیف نہیں پہنچی، نہ ہی ہمارا وقت ضائع ہوا لیکن جب ژوب آتے ہیں تو ہمیں ژوب سے گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بائی پاس روڈ ٹریفک کے قابل نہیں، بازار سے گزرنے میں تین گھنٹے اور فیول ضائع ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں ژوب کے عوامی وسماجی حلقوں نے حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ژوب کے کچے بائی پاس کی مرمت اور ہنگامی بنیادوں پر سڑک کو ہموار بنانے کے لیے گریڈر چلایا جائے اور شہر میں ٹریفک کے نظام کی درستگی اور ون وے کی بحالی کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر ژوب کے عوام سخت احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔