سکھر،صالح پٹ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف سیکڑوں آبادگاروں کا دھرنا

341

سکھر (نمائندہ جسارت) صالح پٹ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف سیکڑوں آبادگاروں کا احتجاج، دھرنا دے کر روہڑی صالح پٹ لنک روڈ بند کردیا، مظاہرین کی سیپکو حکام کیخلاف نعرے بازی، سکھر ضلع کی تحصیل صالح پٹ کے آبادگار علاقے میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ سیکڑوں آبادگاروں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور سیپکو حکام و اہلکاروں کی زیادتیوں کیخلاف روہڑی صالح پٹ لنک روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند کردیا۔ اس موقع پر آبادگار رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہمیں 24 گھنٹے میں سے صرف 6 سے 7 گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے اور باقی 18 گھنٹے بجلی بند رکھی جارہی ہے، جس کی متعدد بار سیپکو حکام سے شکایت کی مگر کوئی ازالہ نہ ہوا، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے چینلز میں پانی نہیں آرہا اور ہماری فصلیں پانی نہ ملنے کے باعث سوکھ رہی ہیں۔ سیپکو حکام نے لفٹ مشینوں کو بجلی کی خصوصی لائن دینے کے لیے آبادگاروں سے لاکھوں روپے کے ڈیمانڈ نوٹس جمع کروائے مگر اب تک اس حوالے سے عملی کام نہیں کیا گیا جس کیخلاف ہم نے عدالت عالیہ سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیپکو حکام کا یہ رویہ علاقے کی زراعت کو تباہ کررہا ہے۔ انہوں نے وزیر توانائی اور سیپکو چیف سے نوٹس لے کر اس عذاب سے نجات دلانے اور لفٹ مشینوں کو خصوصی بجلی کی لائن دینے کا مطالبہ کیا ہے۔