ابوظبی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری) پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے 16ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دے دی۔
177 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز ہی بنا سکی، ملتان سلطانز کے رائیلی روسو کو 24 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
بابر اعظم کی جانب سے ناقابل شکست 85 رنز کی بھرپور مزاحمت بھی کراچی کنگز کو میچ میں فتح نہ دلاسکی، 63 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
کراچی کنگز کے بلے بازوں نے مجموعی طور پر سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے انہیں میچ کے آخری اوور میں جیت کے لیے 23 رنز درکار تھے مگر وہ صرف 10 رنز ہی بناسکے۔
چیڈوک والٹن نے 35 اور قاسم اکرم نے 10 رنز بنائے. نجیب اللہ زاردان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر عمران خان نے 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
عمران طاہر 2 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے، اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔
رائیلی روسو 24 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،صہیب مقصود نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 14 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔
خوشدل شاہ نے3 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے اور آﺅٹ نہیں ہوئے، کراچی کنگز کے تھیسا راپریرا نے2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وقاص مقصود اور کپتان عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔