اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر برنارڈ شلیگ ہیک نے کہا ہے کہ جرمن حکومت گلگت بلتستان میں سماجی اور اقتصادی شعبے کی ترقی کے لیے مزید تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ برنارڈ شلیگ ہیک نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورسے ملاقات کی، جس میں جموں و کشمیر کے مسئلے کے حوالے سے خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرنے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے اور اس کے حصول کے لیے بھارتی ریاستی اداروں نے جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل عام کو ایک معمول کی کاروائی بنا رکھا ہے۔ جرمن سفیر نے موجودہ حکومت کی طرف سے گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ان کی حکومت گلگت بلتستان کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے کردار اداکر رہی ہے۔