مریم نواز کی سیاست نے نیازی حکومت کو سہارا دیا، شازیہ مری

281

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے مریم نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کو اصولی اور اخلاقی طور پی ڈی ایم کا نام استعمال نہیں کرنا چاہیے اور پیپلزپارٹی اور اے این پی کے بغیر پی ڈی ایم کا وجود سوالیہ نشان ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین بلاول زرداری نے قومی اسمبلی میں عمران خان کو شکست دی جبکہ مریم نواز کی سیاست نے عمران نیازی حکومت کو سہارا دیاہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو مسلم لیگ ن نے اپنی ذیلی تنظیم تصور کیا۔ شازیہ مری نے کہاکہ پیپلزپارٹی موجودہ نالائق حکومت کو من مانی کرنے نہیں دیگی جبکہ قومی اسمبلی میں عمران نیازی اکثریت کھو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کو تعاون کی پیشکش کی ہے اور امید ہے نیازی حکومت کو گرانے کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر ہمارا ساتھ دینگے۔