ہنگو(این این آئی) گرین اینڈ کلین ہنگو ہماری جمالیاتی حسن کا آئینہ دار ہے۔ صفائی انسان کی شخصیت اور اس کے خیالات کی ترجمانی کرتی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ ہنگو 15 روزہ گرین اینڈ کلین خصوصی مہم کے دوران ضلع بھر میں صفائی کو یقینی بنائی گی۔ ٹی ایم اے ٹل اور ٹی ایم اے ہنگو کا عملہ گلی کوچوں سے گندگی اٹھانے کے علاوہ بازاروں کی صفائی اور کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کا بھی اہتمام کرے گا۔ شہری کوڑا کرکٹ کوڑادانوں اور پک اینڈ ڈراپ پوانٹس پر پھینکیں اور اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ گلی اور محلے کو بھی صاف ستھرا رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ہنگو حمید اللہ شاہ نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے 15 روزہ خصوصی صفائی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ ٹی ایم او ہنگو فرہاد خٹک، اے سی آر امان اللہ و دیگر ٹی ایم اے کے عملے اور اسٹاف کی موجودگی میں ڈی سی نے جاڑو لگا کر خصوصی مہم کا افتتاح کیا اور عوامی آگاہی کے لیے واک میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ٹی ایم اے کے اسٹاف اور سینیٹری ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حمید اللہ شاہ نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور ہمارا مذہب ہمیں ظاہری اور باطنی خوبصورتی نفاست اور صفائی کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اے ہنگو اور ٹی ایم اے ٹل کا عملہ تمام مشینری کے ہمراہ جوش و جذبے کے ساتھ شہری علاقوں میں گندگی اور کوڑا کرکٹ اٹھانے اور اسے ٹھکانے لگانے کے ساتھ ساتھ نالوں اور نالیوں کی صفائی کا بھی اہتمام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اصل خوبصورتی بحال کرنا ہمارا مقصد ہے اس مہم کے ذریعے شہریوں کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ خوبصورتی، نفاست اور قدرتی ماحول کی فراوانی سے ہم ثابت کر سکتے ہیں کہ ہم کتنا جمالیاتی زوق اور قدرتی منظر کشی سے لگائو رکھتے ہیں۔ ڈی سی حمیداللہ شاہ نے کہا کہ شہری کوڑا کرکٹ ٹھکانے کے لیے ٹی ایم اے کے مقرر کردہ پوائنٹس اور کوڑا دان استعمال میں لا کرصفائی کی مہم میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ ٹی ایم او ہنگو فرہاد خٹک نے کہا کہ 15 روزہ صفائی مہم کے دوران ٹی ایم اے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اورسینیٹری اسٹاف کو روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹ دیے جائیں گے اور ان کے مانیٹرنگ کا عمل روزانہ کے بنیاد پر برقرار رکھا جائے گا۔
لاڑکانہ ،سگ گزیدگی رک
نہ سکی،19 افراد شدید متاثر
لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر اور گرد و نواح میں آوارہ کتوں نے 19 افراد کو کاٹ کر زخمی کردیا جن میں 4 سالہ عاصمہ، فرحان، 5 سالہ ایمان، 6 سالہ نالی مٹھو، 7 سالہ فاطمہ، مبین، 10 سالہ سمیران بیبی، احسان علی، صابر، 11 سالہ محمد یامین، 15 سالہ مصور، 20 سالہ کاشف، عبدالمجید، 22 سالہ سارنگ، 25 سالہ کاشف، 30 سالہ سائرہ، 35 سالہ صدام، 43 سالہ محمد امین، 50 سالہ عبدالغفور اور 55 سالہ مختیار علی شامل ہیں جنہیں اہل خانہ کی جانب سے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ میں قائم اینٹی ربیز ویکسین سینٹر منتقل کیا گیا جہاں تمام زخمیوں کو ویکسین اور علاج فراہم کرنے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا۔