فاکس نیوز پر ایران کی جوہری سرگرمیوں کی تصاویر نشر

316
فاکس نیوز پر نشر کردہ ایرانی جوہری تنصیب کی نئی سیٹلائٹ تصویر

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی چینل فوکس نیوز نے نئی سیٹلائٹ تصاویر حاصل کردیں، جن میں ایران کے مقام سنجاریان میں غیر معمولی سرگرمیاں ظاہر ہو رہی ہیں۔ ماضی میں سنجاریان کا نام مشتبہ سرگرمیوں کے حوالے سے سامنا آ چکا ہے۔ ان تصاویر میں 15 اکتوبر 2020ء کو اس مقام پر 18 گاڑیاں اور پھر 18 جنوری 2021ء کو مزید گاڑیاں نظر آئیں۔ اس کے علاوہ یہاں کھودے گئے گڑھے بھی دیکھے جا سکتے ہیں، جب کہ رواں سال مارچ میں اس مقام پر موجود سڑک کو ڈھانپ دیا گیا تھا۔ سیٹلائٹ تصاویر میں اب گڑھے اور خندقیں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ سنجاریان کا مقام دارالحکومت تہران سے 25 میل دور واقع ہے۔ اس مقام کا انکشاف پہلی بار 2018ء میں ہوا تھا، جب اسرائیلی انٹیلی جنس ادارے موساد نے ایران کے خفیہ جوہری دستاویزات حاصل کر لی تھیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے لیے ایران کی کوشش جاری ہے۔ دوسری جانب ایران میں 18 جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد بھی عالمی طاقتوں سے 2015ء میں طے پائے جوہری سمجھوتے کی بحالی سے متعلق مذاکرات میں موقف میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوگی، کیوں کہ اس معاملے سے متعلق ایران کی اعلیٰ قیادت فیصلہ کرتی ہے۔ ایرانی کابینہ کے ترجمان علی ربیع نے یہ بات منگل کے روز ہفتہ وارنیوزکانفرنس کے دوران کہی۔