اسلام آباد: بجلی کی عدم فراہمی، 24سے زائد بچے بے ہوش

1123

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں بہارکہو کے علاقے ملپور میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا جہاں صبح سے بجلی نہ ہونے کے باعث گورنمنٹ فیڈرل اسکول میرہ میں 24 سے  زائد بچے بیہوش ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ بارہ کہو کے علاقے ملپور میں پیش آیا، اسکول انتظامیہ کے مطابق صبح سے اسکول کی بجلی غائب تھی، واپڈا کو اطلاع دی اس کے باوجود بجلی کی فراہمی نہ کی جاسکی جبکہ بچوں کو گرمی کی وجہ سے نکسیر آنا شروع ہوگی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی کی عدم فراہمی اور سخت گرمی کے باوجود اسکول میں پڑھائی کاسلسلہ جاری تھا جبکہ سخت گرمی اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث بچے بے ہوش ہوئے ساتھ ہی ان کی نکسیر بھی آنا شروع ہوگئی۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق واقعے کے بعد اسکول انتظامیہ نے متاثرہ بچوں کے سروں پر پانی ڈال کر نکسیر روکنے کی کوشش کی جبکہ بچوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا اور سخت گرمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث سکول میں فوری چھٹی دے دی گئی۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ  بچوں کو طبی امداد دینے کے لیے نزدیکی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اسکول میں کل بچوں کی تعداد 200 ہے اور بیہوش ہونے والے بچوں کی کل تعداد 25 ہے۔

اسلام آباد  الیکٹرک سپلائی کمپنی ترجمان کا کہنا ہےکہ ڈاکڑ اے کیو خان فیڈر بہارہ کہو کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے جبکہ فیڈر کو اوور لوڈنگ سے محفوظ رکھنے کے لئے اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے۔

آئیسکو چیف چودہری عبدالرزاق نے متعلقہ حکام کو واقعے کی انکوئری کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہے جبکہ آئیسکو کنسٹرکشن ڈاریکریٹز نے دن 2 بجے تک شٹ ڈاون لیا تھا جو وقت سے قبل کام مکمل ہونے پر متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ تک بڑھ گیا ہے، شہروں میں پانچ سے سات جبکہ دیہات میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

واضح رہے تربیلا میں پانی کے کم اخراج کے باعث 3 ہزارمیگا واٹ بجلی پیدا نہیں کی جا رہی، متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں پانی اخراج میں اضافے سے بجلی پیداوار بڑھ جائے گی، ملک میں سسٹم کی حفاظت کیلئے عارضی لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔