بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر 2.1 کھرب اخراجات کا تخمینہ لگایا ہے،اسد عمر

130

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوںپر2.1 کھرب روپے اخراجات کا تخمینہ لگایا ہے‘ اگلے مالی سال کا ترقیاتی بجٹ رواں مالی سال سے 36 فی صد زیادہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کومیڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبوں کے ترقیاتی بجٹ میں520 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے‘ وفاق کا ترقیاتی بجٹ 250 ارب روپے بڑھایا گیا ہے‘ توانائی اورٹرانسپورٹ کے لییمجموعی تخمینے کے56 فیصد فنڈز رکھے گئے ہیں‘ سی پیک منصوبوں کے لیے87 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں‘ سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک سے240 ارب روپے مالیت کے منصوبے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھرحیدرآباد موٹر وے منصوبے پر200 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے ایک انچ موٹروے کا صوبے میں نہیں بنایا‘ اس وقت سندھ میں 90 ارب روپے کے منصوبے جاری ہیں‘ وزیراعلیٰ سندھ نے کل3 شکایات کیں، وفاق میں 4 بار پیپلز پارٹی کی حکومت آئی۔ سندھ کو ترقیاتی بجٹ کا بھرپور حصہ مل رہا ہے‘ میں سندھ میں نالے صاف کر رہا ہوں‘ کچرا ٹھا رہا ہوں‘ سندھ میں گلیاں اور نالیاں بنا رہے ہیں جو کہ صوبے کی ذمہ داری تھی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کے 25 ارب روپے کے منصوبے جاری ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ بجلی کے تقسیم کار نظام کی بہتری کے لیے اگلے مالی سال 100ارب روپے مختص ہوں گے‘ سابق فاٹا کے لیے54 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔