جمہوریت‘ جمہوری اداروں کا استحکام ناگزیرہوچکاہے‘عبدالحق ہاشمی

182

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی بلوچستان کے امیرمولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کا استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے،بلوچستان کو سی پیک میں ترقی کے مواقع دیے جائیں، لگتا ہے کہ سی پیک پر بلوچستان کو لولی پاپ دیکر محروم رکھاجائے گا، حکمران بلوچستان سے سوتیلی ماں کا سلوک بند کریں۔کیا میگاپروجیکٹس سمیت موٹروے، گرین بس، میٹروبس، اورنج ٹرین منصوبوں پر بلوچستان کا حق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور، راولپنڈی و پشاور جانے والی اکثر ٹرینیں بند کی گئی ہیں جو بلوچستان کے عوام سے سستے ٹرانسپورٹ کی سہولیات چھیننے کے مترادف ہے، پاکستان ریلوے کا تمام مسافر ٹرینوں کی نجکاری کا فیصلہ قابل مذمت ہے۔ ثابت ہوگیا کہ حکمرانوں میںاہلیت اور وژن نام کی کوئی چیز نہیں، اداروں کی نجکاری سے لاکھوں افراد کا روزگار خطرے میں پڑ جائے گا، وفاقی محکموںمیں بھی بلوچستان کے لوگوں کو روزگار سے محروم رکھا جارہاہے، غیر منصفانہ نظام وظلم وجبر سے بلوچستان ترقی سے محروم رہاہے،حکمرانوںکی ذراسی توجہ سے بلوچستان سمیت پورا ملک ترقی کرے گا اور معیشت میں بھی استحکام آئے گا۔انہوں نے کہا کہ غلام حکمرانوں نے ہمیشہ امریکی خوشنودی کے لیے ہمسائیہ ممالک کوناراض کر دیا ہے، 22کروڑ عوام کے مسائل کو حل کرنا موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں۔