پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے پہلے 15 میچ پاکستان میں ہوئے تھے جس کے بعد کرونا کی وجہ سے اس کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کے باقی میچ اب ابوظہبی میں ہونگے جسکی شروعات اسلام آباد یونائٹیڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان آج بدھ ( 9جون) کو ہونے والے میچ سے ہوگا۔ لاہور قلندرز اور اسلام آؓباد کا یہ اس ٹورانامنٹ میں پہلا مقابلہ ہے۔ دونوں کے مابین دوسرا مقابلہ13 جون کو اسی میدان پر ہونا ہے۔اسلام آؓباد یونائٹیڈ اور لاہور قلندرز کے مابین ابھی تک جو10 میچ کھیلے گئے ہیں اس میں اسلام آؓباد یونائٹیڈ نے 7 اور لاہور قلندر ز نے 2 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں کے مابین ایک میچ ٹائی بھی رہا ہے جس میں سپر اوور میںاسلام آؓباد یونائٹیڈ فاتح رہی ہے۔ شارجہ میں2 مارچ2018 میں ہوئے اس میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میں9 وکٹوں پر 121 رنز بنائے تھے۔ لاہور قلندرز کے تمام کھلاڑی19.4 اوور میں121 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے جسکی بدولت یہ میچ ٹائی ہوا تھا۔ آخری اوور میں لاہور قلندر کو7 رنز کی ضرورت تھی۔ تیسری گیندپر محمدسمیع کی گیند پر سلمان ارشد نے اسکور برابر کردیاتھا۔ اب3 گیندوں پر ایک رن درکار تھا مگر سلمان ارشد اگلی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں اسکوائر لیگ پر کیچ ہوگئے۔سپر اوور میں لاہور قلندرز نے ایک وکٹ پر 15رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے سپر اوور میں 19 رنز بناکر میچ میں جیت اپنے نام کی۔ سپر اوور کی آخری گیند پرآندرے رسل نے شاندار چھکا لگایا تھا۔مستفیزالرحمان نے یہ اوور کرایا تھا۔اس ٹائی میچ کے بعد دونوں کے مابین کو آخری5 میچ ہوئے ہیں ان تمام میں اسلام آؓباد یونائٹیڈ نے کامیابی حاصل کی ہے۔4مارچ2020 کو دونوں کے مابین جب آخری مقابلہ لاہور میں ہوا تھا تو اسلام آؓباد یونائٹیڈ نے71 رن سے جیت حاصل کی تھی جو اسلام آباد یونائیڈ کی پاکستان سپر لیگ میں رنز کے حساب سے سب سے بڑی جیت ہے۔ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اسلام آؓباد یونائٹیڈ نے مقررہ20 اوور میں3وکٹوں پر 198 رنز بنائے تھے۔ اسلام آؓباد یونائٹیڈ کا یہ پاکستان سپر لیگ میں دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس کا سب سے بڑا اسکور 20 اوور میں3وکٹوں پر 238 رنز ہے جو کراچی میں لاہور قلندرز کے خلاف 9 مارچ2019 کو بنایا تھا۔ لاہور قلندرز کے تمام کھلاڑی18.5 اوور میں127 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے جسکی وجہ سے انہیں پاکستان سپر لیگ میں رنز کے حساب سے سب سے بڑی شکست ہوئی تھی۔
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں پہلے 15 میچوں کے بعداسلام آباد یونائٹیڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔ لاہور قلندرز نے بھی 4 میچوں سے 6 پوائنٹس حاصل کئے ہیں مگر رن ریٹ کی وجہ سے لاہور قلندرز کا چوتھے مقام پر ہے۔کراچی کنگس اور پشاور زلمی دونوں نے4 میں سے3 میچ جیتے ہیں مگر نیٹ رن ریٹ اچھا ہونے کی وجہ سے یہ دونوں ٹیمیں بالترتیب پہلے اور دوسری مقام پر ہیں۔ لاہور قلندرزور اسلام آؓباد یونائٹیڈ کے درمیان ہویے میچ میں جو بھی ٹیم جیتے گی وہ پوائنٹس ٹیبل میں پہلے مقام پر آجائے گی۔