کرپشن ریفرنس، سابق چیئرپرسن بینظیر انکم پروگرام اشتہاری قرار

154

اسلام آباد (صباح نیوز+آن لائن) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے کرپشن ریفرنس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی سابق چیئرپرسن فرزانہ راجا کو اشتہاری قرار دے دیا ۔ جبکہ پی ٹی آئی سینیٹر عبدالقادر،سابق سیکرٹری ورکرز ویلفیئر افتخار رحیم کیخلاف فردجرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابقپیر کو اسلام آباد کی احتساب نے سابق چیئرپرسن بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجا کے دائمی وارنٹ جاری کر دیے ، جج اصغر علی نے حکم دیا کہ فرزانہ راجا کا شناختی کارڈ بلاک کر کے نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔عدالت نے فرزانہ راجا کو ریفرنس سے الگ کرکے فرد جرم کے لیے نئی تاریخ بھی مقرر کردی ۔ آئندہ سماعت پر نیب کے تفتیشی افسر کو بھی طلب کیا گیا ۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی ۔علاوہ ازیں اعظم خان کی عدالت میں پی ٹی آئی سینیٹر عبدالقادر،سابق سیکرٹری ورکرز ویلفیئر افتخار رحیم کیخلاف کرپشن ریفرنس میں ایک بار پھر فرد جرم عاید نہ ہو سکی،وکلا کی ہڑتال کے باعث ملزمان پر فردجرم کی کارروائی پھر مؤخر کر دی گئی، عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عاید کرنے کے لیے 30 جون کی تاریخ مقرر کر دی ۔