گھوٹکی ٹرین حادثے نے پورے ملک کو سوگوار کردیا، اتحاد عباسیہ

108

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) متحدہ اتحاد عباسیہ انٹرنیشنل کے صوبائی صدر جلال الدین عباسی اور صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالحمید عباسی نے اپنے مشترکہ بیان میں گھوٹکی ٹرین حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے۔ ٹرین حادثے نے پورے ملک کو سوگوار کردیا۔ وفاقی حکومت کے ہوتے ہوئے قوم ایسے سانحات اور نحوست سے بیزار اور نڈھال ہوگئی ہے۔ حادثہ ناقص انتظامات کا واضح ثبوت ہے۔ آئے روز ٹرین حادثات کا رونما ہونا ریلوے کی نااہلی اور انتظامات کے نام پر بندر بانٹ کا کھلا ثبوت ہے۔ متحدہ اتحاد عباسیہ گھوٹکی اور سنجرپور کے کارکنان زخمیوں اور متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں۔ گھوٹکی ٹرین حادثے پر ہر دل دکھی اور افسردہ ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو خون اور دیگر ضروریات کی فراہمی یقینی بنانے کے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ملبے تلے دبے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے آپریشن تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مقامی رہنما و کارکنان پوری تندہی کیساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اس طرح کے واقعات کے ذمے داروں کا آج تک تعین نہ ہوسکنا شرم کا مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے یکے بعد دیگرے حادثات نے سیکڑوں خاندان اجاڑ دیے۔ آئے روز کے حادثات، بدترین مہنگائی اور بے روزگاری کے اعتراف میں اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نااہل حکومت مستعفی ہوجائے۔ سانحہ گھوٹکی پر وفاقی وزیر ریلوے میں اگر رتی برابر بھی اخلاق نام کی کوئی چیز ہو تو انہیں فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہیے۔ شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ اس موقعے پر ہم اپنے رضاکاروں کی گراں قدر خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔