حکومت مہنگائی کا الزام آئی ایم ایف پر لگاکر نااہلی نہیں چھپاسکتی،بلاول

230

کراچی‘اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر+صباح نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہاہے کہ حکومت مہنگائی کا الزام آئی ایم ایف پر لگاکر نااہلی نہیں چھپاسکتی، عمران خان کی حکومت نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے قوم کی خودداری کو داؤ پر لگادیا ہے۔ایک بیان میں حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کورونا وائرس کی وبا کے دوران مہنگائی کو 4.29 فیصد اور بنگلا دیش 5.54 فیصد تک قابو کرسکتا ہے تو پاکستان میں یہ شرح 10.9 فیصد کیوں ہے، پی ٹی آئی حکومت ملک میں مہنگائی کا الزام آئی ایم ایف پر لگا کر اپنی نااہلی پر پردہ نہیں ڈال سکتی، عمران خان کی حکومت نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے قوم کی خوداری کو داؤ پر لگادیا۔بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سرپرستی میں کام کرنے والی مافیا نے صرف 3 ماہ میں مرغی کے گوشت کی قیمتیں 110 فیصد تک بڑھائیں،پی ٹی آئی اشرافیہ نے اربوں روپے کمالیے اور اب قیمتیں کم کرکے اس کا کریڈٹ بھی لیا جائے گا، عوام کی جیبوں میں پیسہ نہیں اور عمران خان بجٹ میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو اربوں روپے سے نوازنے کا منصوبہ بنارہے ہیں، بدترین اقتصادی بحران میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو بجٹ میں 96 ارب روپے سے نوازنے کا عمران خان کا منصوبہ عوام دشمن ہے، وزیراعظم دھاندلی سے منتخب ہونے والے اپنے ارکان اسمبلی پر اربوں روپے لٹانے کے بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر خزانے کی رقم خرچ کریں،11ویں اقتصادی منصوبہ بندی کے اختتام کے بعد سے عمران خان کی حکومت اب تک اپنا 5 سالہ اقتصادی منصوبہ سامنے نہیں لاسکی ، آئی ایم ایف کی ہدایت پر اگر اقتصادی منصوبہ بندی پی ٹی آئی کی پالیسی ہے تو عمران خان عوام کو صاف صاف بتادیں کہ وہ بغیر کسی منصوبہ بندی کے اقتدار میں آئے۔