لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے قریب تھانہ شہید الٰہی بخش سیال کی حدود دادو کینال کے قریب 25 سالہ طلاق یافتہ خاتون کی گولیاں لگی لاش دیکھ کر علاقہ مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی نے ایس ایچ او شہید الٰہی بخش تھانہ کے ہمراہ جائے واردات کا معائنہ کرکے تفصیلات معلوم کیں اور پولیس کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا جائے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی نے بتایا کہ ملنے والی لاش سونھن بنت محمد بخش ٹوٹانی جو کہ اصل رہائشی گھٹھڑ ضلع قنبر حال کوثر مل لاڑکانہ کی تھیں، مذکورہ خاتون کی دو برس پہلے ایاز مگسی نامی شخص سے شادی ہوئی تھی جن کے درمیان گھریلو تنازعہ بھی چل رہا تھا اسی وجہ سے شوہر اور بیوی الگ الگ رہتے تھے، ملزم شخص ایاز مگسی اپنی بیوی کو لے بیٹے سے ملانے کے لیے لے گیا جس کے بعد یہ افسوسناک واقع پیش آیا۔ دوسری جانب مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد تحصیل اسپتال ڈوکری منتقل کردی گئی جبکہ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی تاہم آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔ لاڑکانہ کے قریب تھانہ آریجا پھیڑہو کی حدود گاؤں گجو تھرڑی میں مبینہ طور 40 سالہ محنت کش اختیار علی شیخ کی تشدد زدہ لاش دیکھ کر ورثاء نے پولیس کو اطلاع پر جس پر پولیس نے پہنچ کر لاش تحویل میں لیتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈکا اسپتال منتقل کردی۔ اس موقع پر مبینہ قتل ہونے والے محنت کش کے ماموں امتیاز علی نے بتایا کہ شر برادری سے تعلق رکھنے والے ملزمان نے اختیار علی شیخ کو گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بناکر قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔ پولیس کے مطابق ورثاء کی جانب سے ابتدائی تفتیش میں بتایا گیا ہے کہ شر برادری کے افراد نے اختیار علی شیخ کو قتل کردیا ہے، جس معاملے کی تفتیش جاری ہے، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اصل حقائق سامنے آجائیں گے۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔ ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری، روپوش و مطلوب 6 ملزمان کو گرفتار کرکے موٹر سائیکلیں اور سولر پلیٹس برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔ کیٹی ممتاز پولیس نے پیر جان محمد پل کے قریب ڈکیتی کے مقدمے میں اشتہاری ملزم خان محمد کلہوڑو کو، حیدری پولیس نے لہر کالونی سے سنگین نوعیت کے مقدمے میں اشتہاری ملزم منصور عرف منو میرانی کو، سچل پولیس نے شیخ زید چوک سے روپوش ملزم سجاد جکہڑ کو، یونیورسٹی پولیس نے چوری کے مقدمے میں مطلوب ملزم گلن برڑو کو، مددگار بیس ٹو نے لینار اسپتال کے قریب آریجہ تھانہ کو مطلوب دو ملزمان سراج شاہ اور مسرور شاہ کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب یونیورسٹی پولیس نے چوری شدہ سولر پلیٹس برآمد کرکے اصل مالک کے حوالے کردیں جبکہ ایئرپورٹ پولیس نے چوری شدہ دو موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں‘ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔