معاشی حقائق پرعمران خان وعدوں کی طرح غائب ہو گئے‘ مریم اورنگزیب

195

لاہور (نمائندہ جسارت)ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی حقائق قوم کے سامنے آنے پر عمران خان اور کرائے کے ترجمان ویسے ہی غائب ہوگئے ہیں جیسے 1کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھر کاوعدہ کیا تھا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ کرائے کے ترجمان میڈیا کے جوابات دینے کے بجائے مفرور ہیں۔ عمران صاحب 15000 ارب روپے کے ملک وقوم پر بڑھتے ہوئے قرض کا کوئی جواب نہیں ۔ انہوں نے کہا 2019 ء میں 2.1 فیصد اور 2020ء میں منفی 0.5 فیصد شرح نمو رہی جو 1952ء کے بعد سب سے کم ترین سطح تھی۔ عمران صاحب مالیاتی خسارہ تاریخ میں بلند ترین9.1 فیصد اور8.1 فیصد ہے،رواں برس ایک بار پھر بدقسمتی سے بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 8 فیصد سے زیادہ ہونے کا کوئی جواب دے ۔ انہوں نے کہا کہ 3 سال میں پی ٹی آئی بجٹ خسارہ 10000 ارب روپے سے بڑھ جائے گا، کون جواب دے گا۔ 40 فیصد روپے کی قدر میں کمی کے باوجود درآمدات میں صرف ایک فیصد اضافہ کیوں ہوا؟ ۔ آٹے ،گندم کی قیمت 70 روپے فی کلو اور چینی کی قیمت 110 روپے کلو ہے۔ انہوں نے کہاکہ 5 کروڑ لوگ غریب اور بے روزگار ہوگئے، اس ظلم اور بربادی کا جواب دیں۔