امریکا نے ایران کا ضبط شدہ تیل استعمال کرلیا

104

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے قدغنوں کے نام پر ایران سے لوٹے گئے تیل کو اپنے استعمال میں لانا شروع کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکا نے مارچ میں ایران سے خام تیل درآمد نہیں کیا تھا، بلکہ یہ تمام تیل ضبط شدہ ٹینکروں سے چرایا گیا تھا۔ توانائی سے متعلق امریکی ادارے کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے 10 لاکھ 33 ہزار بیرل ایرانی تیل درآمد کیا ہے،تاہم ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ امریکانے تو خود دنیا کو ایران سے تیل خریدنے سے روک رکھا ہے تو ان حالات میں وہ خود کیسے ایرانی تیل درآمد کرسکتا ہے۔ خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی فوج نے فروری میں متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ کے نزدیک ایک تیل بردار جہاز پرقبضہ کرکے امریکا منتقل کردیا تھا۔ برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق اگر امریکی ادارے کی رپورٹ درست ہے تو کیا بائیڈن انتظامیہ نے ایسا کرکے ایران کے شعبہ توانائی پر عائد کردہ پابندیوں سے انحراف کیا ہے۔ ادھر امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ محکمہ خزانہ نے ایران کے تیل بردارجہازوں کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا لیکن ایران کو ان کی کوئی قیمت ادا نہیں کی گئی تھی۔ اس سے قبل حکومت نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے گزشتہ سال ایران کے ضبط کردہ 10 لاکھ بیرل سے زیادہ تیل کو فروخت کردیا تھا۔