لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکمران اب تک لیے گئے غیر ملکی قرضوں اور کرونا فنڈ کا حساب دیں، بجٹ میں غریبوں کو ریلیف نہ دیا گیا اور مہنگائی کم نہ ہوئی تو لوگ سڑکوں پر ہوں گے۔
منصورہ میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عوام آئندہ الیکشن میں تینوں بڑی نام نہاد سیاسی جماعتوں کا احتساب کریں گے،عوام کا پیسہ اپنی عیاشیوں پر خرچ کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا ہونا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ 73 برسوں سے پاکستا ن کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، مغرب زدہ اور سیکولر ایجنڈا کے پیروکاروں کو قوم اب مزید قبول کرنے کے لیے تیار نہیں، ملک کی خارجہ پالیسی عوام کی خواہشات کے مطابق ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہاکہ نظام مصطفیؐ ملک کے مسائل کا حل ہے، جماعت اسلامی سے وابستہ لوگ قرآن و سنت سے رشتہ مضبوط کریں، حالات سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت سے پاکستان میں اسلامی نظام قائم کریں گے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کی شرح میں اضافہ معیشت میں بہتری کے حکومتی دعوؤں کی مکمل نفی کرتاہے، حالات کے ستائے عوام اس دن کو کوس رہے ہیں جب پی ٹی آئی نے اقتدار سنبھالا۔ ملک کو ایک تعلیمی نصاب دیا گیا نہ اسپتالوں کی صورتحال میں کوئی بہتری آئی۔