سرگودھا سمیت صوبہ کے 20 اضلاع میں کالجز کو کھول دیے گئے

157

سرگودھا(این این آئی)حکومت پنجاب کی ہدایات پر 16 اضلاع میں اسکولز کے تعلیمی نظام کی بحالی کے بعد سرگودھا سمیت صوبہ کے 20 اضلاع میں بھی کالجز کو کھول دیا گیا اس طرح پنجاب بھر کے تعلیمی نظام کو کورونا ایس او پیز اور پچاس فیصد حاضری کے ساتھ بحال کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کے احکامات پر سرگودھا ریجن کے چاروں اضلاع سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر سمیت 20 اضلاع میں بھی تمام سرکاری اور پرائیوٹ کالجز کو باقاعدہ طور پر کھول دیا گیا۔اس حوالے سے کالجز یونین کے ترجمان نے بتایا کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ پنجاب کی ہدایات پر کورونا ایس اور پیز پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ کالجز کھل گئے اور تمام اداروں میں تعلیمی سلسلہ بحال کر دیا گیا۔گزشتہ روز تمام کالجز میں کورونا ایس او پیز کے مطابق کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہوا۔تاہم پہلے روز حاضری کم رہی جبکہ تمام کالجز میں پچاس فیصد حاضری کی بنیاد پر طلبا و طالبات ہر روز تعلیم حاصل کر سکیں گے ۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر کالجز سرگودھا ڈویژن پروفیسر احمد سیال نے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ کالجز میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایاجائے جس میں کسی کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ تمام تدریسی اور غیر تدریسی اسٹاف کو فوری طور پر ویکسینیسن مکمل کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ تعلیم نے حکم دیا کہ ماسک کے بغیر کسی کو بھی کالجز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔