میرپورخاص،سکھر جماعت اسلامی کے تحت یوم امداد فلسطین منایا گیا

123

میرپورخاص ،سکھر( نمائندگان جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی ملک گیر اپیل پر جماعت اسلامی میرپورخاص اور سکھر نے بھی یوم امداد فلسطین منایا۔ تفصیلات کے مطابق یوم امداد فلسطین کے موقع پر ایم اے جناح روڈ مارکیٹ چوک پر لگائے گئے مرکزی کیمپ میں امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے خصوصی شرکت کی اور ذمے داران و کارکنان کے ہمراہ شہر کی مختلف مارکیٹس اناج منڈی،،سرسید روڈ،ملک سینٹر،صرافہ بازار اور شاہی بازار میں تاجروں،شہریوں سے فلسطین کے زخمی مسلمانوں کے علاج معالجہ اور بحالی کیلیے فنڈ اکٹھا کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الٰہی مغل،صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، شکیل احمد فہیم، رفیق چوہان، نادر علی خان، مولانا مفتی تحسین منصوری، مولانا سیف اللہ احمدانی، ظفر اقبال مجاہد، اکرم شیخ اور عبدالرشید شیخ سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ امدادی فلسطین کیمپ میں موجود کارکنان اور عوام سے امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی بربریت پر عالمی اداروں اور تنظیموں کی شرمناک خاموشی نے ان طاقتوں کے دھرے معیار کو ظاہر کردیا ہے۔فلسطین سمیت دنیا بھر میں خون مسلم کے بہنے پر دنیا کی حقوق انسانی کی نام نہاد تنظیموں کا ان جارح دپشت گرد ممالک کے خلاف آواز بلند نہ کرنا انسانیت کی توہین ہے کئی دن کی بمباری کے بعد غزہ کا انفرااسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے جماعت اسلامی انسانیت کے ناطے فلسطینیوں کی بحالی اور علاج معالجہ کا فریضہ انجام دے رہی ہے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھی مظلوم فلسطینیوں کیلیے محض تقاریر کے بجائے ہر طرح عملی امداد کرے۔دوسری جانب امیر جماعت اسلامی پاکستان کی اپیل پر مظلوم فلسطینیوں کی امداد کیلیے سکھرروہڑی سمیت دیگر مقامات پر جھولی فنڈز جمع کیا جانے کی مہم دوسرے روز بھی جاری رہی ، روہڑی میںجماعت اسلامی صوبہ سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی ،امیر ضلع سکھر ایڈووکیٹ سلطان احمد لاشاری ، قیم ضلع محمداکرم راجپوت اور طارق حسین راجپر ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے بازاروں میں جا کر جھولی فنڈ جمع کیا ، سکھر میں امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ کی زیر نگرانی جھولی فنڈ مہم شروع کی گئی۔امیر ضلع سکھر ایڈووکیٹ سلطان لاشاری ، امیر سکھر شہر زبیرحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی کی جانب سے جھولی پھیلاؤ فنڈ مہم کے سلسلہ میں کارکنا ن جماعت اسلامی مسلمان فلسطینی بھائیوں کے لیے مسجدوں، بازاروں اور جماعت کے دفاتر دکانوں گھرں پر جا کر عطیات جمع کریںگے ۔