لیاقت بلوچ کی پشاور میں فقید المثال القدس ملین مارچ پرمبارکباد

152

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے پشاور میں فقید المثال لبیک القدس ملین مارچ پر خیبر پختونخوا کے محبان اسلام و پاکستا ن مجاہد صفت عوام اور قائدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ فلسطینیوں سے یکجہتی عالمی بے حسی اور اسرائیلی صہیونی ظلم و جبر کے خلاف تاریخ ساز مظاہرہ تھا ۔ خیبر پختونخوا کے عوام کا کشمیر ، افغانستان اور فلسطین ایشوز پر کردار ہمیشہ مثالی اور رول ماڈل رہاہے ۔جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان اور ٹیم مبارکباد کی مستحق ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کی اپیل پر پاکستان کے 22 کروڑ عوام نے بلاتفریق و بلاامتیاز ،دینی انسانی حقوق کے لیے آزادی کی خاطر برسرپیکار فلسطینیوں کی حمایت میں بے مثال مظاہرہ کیا ہے۔لیاقت بلوچ نے خانپور رحیم یارخان میں سید محمد عابد شاہ مرحوم کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی جمہوریت ، عوامی خدمت اور سماجی اصلاح کے لیے زبانی جذباتی نمائشی دعوے نہیں ، عمل کے میدان میں سرخرو ہے ۔ جماعت اسلامی عوام کی طاقت اور اللہ کی مدد سے ملک کو بحرانوں سے نجات دلائے گی ۔