سکھر (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ فوج کو حکومت گرانے کے لیے کہنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، ایسا سوچنا بھی گناہ ہے۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی معاشی ترقی عوام کی حالت دیکھنے سے سمجھ میں آجاتی ہے، وہ وزیراعظم ہیں تو ان کو 3 وقت کا کھانا اور گھومنے کیلیے جہاز اور گاڑیاں مل جاتی ہیں اس کا پیٹ بھرا ہوا ہے تو وہ سمجھتے ہیں سب کا پیٹ بھرا ہوا ہے، عوام کی حالت تو یہ ہے کہ اس کیلیے 2 وقت کی روٹی کا حصول تک ناممکن ہوگیا ہے۔ قبل ازیں احتساب عدالت سکھر میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ، ان کی 2 بیگمات، 2 صاحبزادوں اور داماد صوبائی وزیر اویس قادر شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد آمدن کے اثاثہ جات بنانے کے الزام میں دائر ریفرنس کی سماعت سکھرکی احتساب عدالت میں ہوئی، ریونیو ڈپارٹمنٹ کے افسران نے خورشید شاہ کی اراضی کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جس پر وکلاء نے دلائل دیے، عدالت نے ریفرنس کی سماعت 15 جون تک ملتوی کردی۔