عوام بھوکی ہے، حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں، شہباز شریف

326

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام بھوکے اور بے روزگار ہیں، حکمران سب اچھا ہے کی بے حسی کی رپورٹ دے رہے ہیں، حکمرانوں کے روز کرپشن سکینڈلز آئیں گے تو عوام کیلئے روٹی روزانہ مہنگی ہی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کا کہنا تھاکہ آج ملک کو اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بحران کا سامنا ہے، عوام کو ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے روز کرپشن اسکینڈلز آئیں گے تو عوام کی روٹی روزانہ مہنگی ہی ہوگی، آٹے کی قیمت میں 57 روپے فی کلو اضافہ ہوا، یہ 73 فیصد اضافہ ہے، چینی کی قیمت 120 اور 130 تک گئی جس سے 100 روپے یا 85 فیصد اضافہ چینی کی قیمتوں میں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دودھ کی قیمت میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے، دودھ فی لیٹر 108 روپے یا اس سے زائد قیمت پر فروخت ہورہا ہے، عوام کی بنیادی ضرورت کی یہ اشیا انتہائی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اضافی گندم پیدا کرنے والے ملک میں آٹے کی فراہمی کو حکومت یقینی نہ بناسکی، اس حکومت کی کرپشن اور نااہلی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ثبوت ہوسکتا ہے؟۔