وزیراعظم کو ملکی معاشی حالات کاعلم ہی نہیں، شاہد خاقان عباسی

219

کراچی: سابق وزیراعظم شاہد خاقا ن عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کوملکی معاشی حالات کاعلم ہی نہیں، ملک کی جی ڈی پی تین سال پہلے کی نسبت کم ہے جبکہ پیپلزپارٹی اور اے این پی نے پی ڈی ایم کو چھوڑ دیا ہے، ان کے راستے اب علیحدہ ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقا ن عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کوملکی معاشی حالات کاعلم نہیں، گروتھ کی باتیں کرنے سے ملکی صورتحا ل بہتر نہیں ہوتی، حالات ٹھیک ہوتے تو عام آدمی کے حالات بھی اچھے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں جذبات کی بات ہوتی ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن کام کررہی ہے، اس حکومت کا کوئی ایسا اقدام نہیں جو ملک کو آ گے لے کر جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ  ملک کی جی ڈی پی تین سال پہلے کی نسبت کم ہے، آج ہماری معیشت کا کیا حال ہے، مہنگائی بڑھ گئی ، ملک میں ترقی غلط بیانیوں سے نہیں آتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو درباری وزرا نے بتایا کہ ترقی ہورہی، ترقی ہوتی تو مہنگائی کم ہوتی اور فی کس آمدنی میں اضافہ ہوتا، ملک آئین کی بالادستی سے چلتا ہے، باتیں کرنے سے ترقی نہیں ہوتی، ن لیگ اور آج کے حالات سے موازنہ کریں تو معلوم ہوجائے گا کہ ترقی ہوئی کہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکے ڈالنے والے پرائیویٹ جہازوں میں بیرون ملک جارہے ہیں اور ملک کی خدمت کرنے والے عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں، ہمارے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر آئین کی بالادستی ہونی چاہئے، ملک میں عدلیہ، مقننہ اور میڈیا آزاد نہیں ہیں، کیا ہماری خارجہ پالیسی اور معیشت کے فیصلے آزاد ہیں، اگر ہم اپنے گھر کو درست نہیں کریں گے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

دوسری جانب  سابق وزیر اعظم  کا کہنا تھا  کہ پیپلزپارٹی اور اے این پی نے پی ڈی ایم کو چھوڑ دیا ہے، ان کے راستے اب علیحدہ ہیں،  میں نے کسی کو نہیں کہا کہ پی ڈی ایم سے استعفیٰ دوں گا، آج بھی ملکی سیاست کامحور نواز شریف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے فیصلوں پر عمل اور دفاع کرنا میرا کام ہے جبکہ (ن) لیگ نے ہمیشہ صحافیوں پر حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔